ڈھاکہ،7اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں حکومت پر بدعنوانی کے الزامات لگنے کے بعد وزیراعظم حسینہ واجد کی جانب سے بدعنوانی کے خلاف شروع کی گئی مہم کے تحت حکمراں جماعت کے اہم رہنما کو انڈر ورلڈ سے مبینہ تعلقات کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیشی وزیراعظم نے گزشتہ ماہ کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا اور اسے فوج کی جانب سے جنوری 2007 میں کی گئی بغاوت جیسے اقدام کو روکنے کیلئے ضروری قرار دیا تھا۔ایلیٹ فورس کے مطابق حسینہ واجد کی سیاسی پارٹی عوامی لیگ کے یوتھ ونگ کے ہائی پروفائل سربراہ اسمٰعیل حسین سمراٹ کو انکے ساتھی کے ہمراہ گرفتار کیا گیا۔
