بنگلہ دیش : حکومتی کرپشن کا انکشاف جرم، صحافی گرفتار

   

ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں حکومت کی بدعنوانی کو سامنے لانے والی خاتون صحافی کو خفیہ معلومات افشا کرنے کے نوآبادیاتی دور کے قانون کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حکام نے خاتون صحافی روزینہ اسلام کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ اس قانون کے تحت جرم ثابت ہونے پر ملزمین کو موت کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔ روزینہ اسلام بنگلا زبانی کے اخبار پرتھوم الو کی سینئر رپورٹر ہیں۔ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے موبائل فون سے بغیر اجازت ان دستاویزات کی تصاویر لی تھیں، جن میں حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری سے متعلق معلومات تھیں۔ اے پی کے مطابق انہوں نے یہ تصاویر اس وقت لی تھیں جب وہ ایک اعلیٰ سرکاری عہدے دار کے کمرے میں انتظار کر رہی تھیں اور یہ دستاویزات اس کمرے میں موجود تھیں۔بنگلہ دیش میں صحافی تنظیموں اور بین الاقوامی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔