ڈھاکہ۔ 22 نومبر (یو این آئی) بنگلہ دیش میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی جبکہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 اور زخمی افراد کی تعداد 100 سے زائد ہوگئی۔ زلزلے کے دوران اچانک عمارت کی ریلنگ گر گئی, جس سے تین راہگیر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ۔ اسی طرح نارائن گنج کے روپ گنج علاقے میں ایک مکان کی دیوار گرنے سے نومولود ہلاک ہو گئی جبکہ واقعے میں اس کی والدہ کلثوم بیگم اور پڑوسی جیسمین بیگم زخمی ہوئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے میں بتایا گیا کہ زلزلہ صبح 10 بجکر 38 منٹ پر نرسنگدی کے قریب آیا، زلزلے کا مرکز ڈھاکہ سے 33 کلومیٹر دور تھا اور اس کی 5.5 شدت ریکارڈ کی گئی۔ بنگلہ دیشی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 5.7 تھی اور اس کا دورانیہ تقریباً 26 سیکنڈ تھا۔ زلزلے کے باعث عمارتیں ہلیں اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی حکام اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر چکی ہیں تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے ۔