بنگلہ دیش: سمندری آلودگی سے 2 وہیل مچھلیاں ہلاک

   

ڈھاکہ ۔ بنگلادیش میں دو وہیل مچھلیاں ساحل پر مردہ پائی گئیں۔ خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی حکام نے ہفتے کے روز بتایا کہ ان مچھلیوں کی ہلاکت سمندری آلودگی کے باعث ہوئی۔ حکام کے مطابق ان دونوں میں سے طویل تر وہیل مچھلی ہفتے کی صبح کاکسس بازار کے ہمچہاری ساحل پر پائی گئی، جو 50 فٹ طویل، 10 فٹ چوڑی اور 3 سے 4 ٹن وزنی ہے۔ جب کہ اس سے ایک روز قبل اس مقام سے صرف 2 کلومیٹر کی دوری پر ایک اور وہیل مچھلی مردہ حالت میں پائی گئی تھی۔ واضح رہے کہ دنیا میں بڑھتی سمندری آلودگی کے باعث آبی حیات کو شدید خطرات لاحق ہیں اور سمندری جانوروں کی کئی انواع ناپید ہوتی جارہی ہیں۔