ڈھاکہ : ڈھاکہ میں واقع ایک فیکٹری کی عمارت میں بہت بڑے پیمانے پر آگ بھڑکنے کے سبب کچھ لوگوں نے اپنی جان بچانے کیلئے کھڑکیوں سے باہر چھلانگیں لگادیں۔ یہ امر ہنوز غیر واضح رہیکہ کتنے لوگ فیکٹری کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے مضافاتی صنعتی علاقے روپ گنج میں قائم فیکٹری ’ ہاشم فوڈ اینڈ بیوریجز‘ میں آگ لگنے کا یہ واقعہ جمعرات کی شب مقامی وقت کے مطابق قریب 5بجے شام کو پیش آیا تھا تاہم جمعے کی صبح تک اس فیکٹری سے آگ کے شعلے بھڑکتے دکھائی دیے۔ دریں اثناء فیکٹری میں کام کرنے والے کارکنوں کے رشتہ داروں اور فیکٹری کے دیگر ورکرز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کچھ دیگر کارکن فیکٹری کی عمارت میں ابھی تک پھنسے ہوئے ہیں اور یہ جان بچا کر فرار ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔مقامی پولیس چیف جایید العالم نے گزشتہ رؤز خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو اس حادثے کی ابتدائی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ آتشزدگی کا شکار ہونے والے تین افراد زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے انتقال کر گئے۔ تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق اس حادثہ میں اب تک کم از کم 52 افراد کی اموات کی تصدیق ہوچکی ہے۔
