نئی دہلی، 20 اگست (یو این آئی) ہندوستان نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے ہندوستانی سرزمین سے بنگلہ دیش مخالف سرگرمیاں چلانے کے الزامات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو ایسی کسی بھی سرگرمی کا علم نہیں ہے ۔اس سلسلے میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے جاری کردہ پریس بیان پر میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے آج کہا کہ حکومت ہند کو ہندوستان میں عوامی لیگ کے مبینہ ارکان کے ذریعہ انجام دی جانے والی بنگلہ دیش مخالف کسی سرگرمی یا ہندوستانی قانون کے خلاف کسی بھی کارروائی کا علم نہیں ہے ۔