ڈھاکہ، 10 فروری (یو این آئی) بنگلہ دیش میں 12 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے ۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق اب کوئی سیاسی جماعت یا امیدوار انتخابی سرگرمی نہیں کرسکیں گے ۔ 12 فروری کو پولنگ صبح ساڑھے 7 بجے سے شام ساڑھے 4 بجے تک جاری رہے گی۔ انتخابی مہم کے دوران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)، جماعتِ اسلامی اور نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) سمیت بڑی جماعتوں نے دارالحکومت ڈھاکہ، چٹا گانگ، سلہٹ اور ملک کے دیگر شہروں میں بڑی ریلیاں نکالیں۔ بنگلادیش حکام نے دارالحکومت ڈھاکہ سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا ہے کہ ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 77 لاکھ 11 ہزار 793 ہے ، جن میں مردوں کی تعداد 6 کروڑ 48 لاکھ 80 ہزار اور خواتین کی تعداد 6 کروڑ 28 لاکھ سے زائد ہے ۔ حکام نے بتایا ہے کہ 45 لاکھ 70 ہزار افراد پہلی بار ووٹ ڈالیں گے ۔ عام انتخابات میں 2 ہزار 34 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 51 سیاسی جماعتوں کے 1 ہزار 759 امیدوار اور 275 آزاد امیدوار شامل ہیں۔ انتخابات میں پوسٹل بیلٹس کے ذریعے 13 لاکھ 50 ہزار ووٹ کاسٹ کیے جائیں گے ۔ بنگلہ دیشی حکام نے مزید بتایا ہے کہ سفید بیلٹ قومی اسمبلی کے لیے اور گلابی بیلٹ ریفرنڈم کے لیے ہو گا جبکہ ملک بھر میں 42 ہزار 768 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ انتخابات میں سیکیورٹی کے لیے فوج، پولیس سمیت 10 لاکھ اہلکار تعینات ہوں گے ۔