بنگلہ دیش میں بس ،ٹرین کی زد میں آگئی، 13افراد جاں بحق

   

ڈھاکہ 22 مارچ (یو این آئی )بنگلہ دیش کے ضلع کومیلا میں اتوار کے روز ایک مسافر بس ریلوے ٹریک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ گئی، جس کے نتیجہ میں 13 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ۔ یہ حادثہ چٹاگانگ سے ڈھاکہ جانے والے مصروف ریلوے ٹریک پر پیش آیا۔
جاں بحق ہونے والے 13 افراد میں 3 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔حادثے میں 7 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ، جہاں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس نے ریلوے کراسنگ عبور کرنے کی کوشش کی اور وہ سامنے سے آنے والی ٹرین کی زد میں آگئی۔ امدادی ٹیموں نے ملبے سے نعشوں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، جبکہ ریلوے ٹریک کو کلیئر کرنے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ بنگلہ دیش میں غیر محفوظ ریلوے کراسنگز اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اکثر ایسے خونی حادثات کا سبب بنتی رہی ہے ، جس پر عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔