ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں مانسون بارشوں سے آنے والے تباہ کن سیلاب سے ہونے والی اموات 23 تک پہنچ گئی ہیں جبکہ 12 لاکھ سے زائد افراد ملک کے 11 اضلاع میں سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق جوں جوں سیلابی پانی اترتا جا رہا ہے، سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہونے والے 57 لاکھ افراد میں سے اکثر کو خوراک، صاف پانی، ادویات اور خشک کپڑوں کی اشد ضرورت پڑ رہی ہے۔سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے افراد ان دور دراز علاقوں میں ہیں جہاں بند سڑکوں کی وجہ سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے اگر مون سون کی بارشیں جاری رہیں تو سیلابی صورتحال برقرار رہے گی کیونکہ دریاؤں میں سیلابی پانی بہت آہستہ سے اتر رہا ہے۔