حیدرآباد۔/6 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے بنگلہ دیش میں طلباء کے احتجاج کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ڈکٹیٹر شپ کا انجام زوال کی شکل میں ہونا یقینی تھا۔ بنگلہ دیش کے بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ طلباء کے ایجی ٹیشن کی تاب نہ لاکر شیخ حسینہ ملک سے فرار ہونے پر مجبور ہوچکی ہیں اور وہ ہندوستان میں پناہ لے چکی ہیں۔ بنگلہ دیش میں حکومت کے زوال کے بعد اقتدار فوج کے ہاتھ میں منتقل ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ شیخ حسینہ نے جمہوریت کو نظرانداز کرتے ہوئے ڈکٹیٹر شپ انداز میں حکومت چلائی اور اپوزیشن پارٹیوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں شیخ حسینہ کی کامیابی سے یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ دراصل یہ عوامی کامیابی ہے۔ اپوزیشن کو الیکشن میں حصہ لینے سے روک کر شیخ حسینہ نے جس انداز میں کامیابی حاصل کی وہ جمہوریت کی نہیں بلکہ یکطرفہ کامیابی ہے۔ طلباء کے احتجاج سے جمہوریت کی بحالی کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ ڈکٹیٹر شپ طرز حکمرانی کا یہی حشر ہونا تھا۔ نئی حکومت کو چاہیئے کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو شامل کرتے ہوئے الیکشن کا اہتمام کرے۔ ڈاکٹر نارائنا نے طلباء کے احتجاج کی تائید کا اعلان کیا۔1