ڈھاکہ،11نومبر(سیاست ڈاٹ کام)شدید گردابی طوفان بلبل کی وجہ سے بنگلہ دیش میں اب تک 13لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔بلبل کی وجہ سے بنگلہ دیش کے جنوبی علاقے کے 10اضلاع میں کئی مکانات کے تباہ ہونے اور درختوں کے گرنے سے شدید تباہی ہوئی ہے ۔ایمرجنسی صحت مہم اور کنٹرول سینٹر کے علاوہ مقامی انتظامیہ اورپولیس نے اتوار کو 13لوگوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے ۔طوفان کی وجہ سے کھلنا ،برگنا اور گوپال گنج ضلع میں دو دو اموات ہوئی ہیں جبکہ پٹو آکھالی،بھولا،شریعت پور،فیروزپور،مداری پور،باری شال اور باگیرہاٹ میں ایک ایک شخص کی موت ہوگئی ہے ۔برگنا اور بھولا ضلع میں 28ماہی گیرلاپتہ بتائے جارہے ہیں۔قدرتی آفات کے وزیر انعام الرحمان نے بتایاکہ طوفان کی وجہ سے بنگلہ دیش کے جنوب مغربی ساحلی اضلاع میں تقریباً پانچ ہزار مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔مسٹر انعام نے کہا،‘‘ہم نے اب تک کی تاریخ میں سب سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پہنچایا ہے ۔21لاکھ سے زیادہ لوگوں کو 5787راحت کیمپوں میں پہنچایا گیا ہے ۔
