اسپیکر لوک سبھااوم برلا تقریب میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے
نئی دہلی۔ 15 فبروری (ایجنسیز) لوک سبھا اسپیکر اوم برلا 17 فروری کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے صدر طارق رحمن کی قیادت میں نو منتخب حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق، اس تقریب میں اسپیکر کی شرکت ہندوستان اور بنگلہ دیش کے عوام کے درمیان گہری اور مضبوط دوستی کی عکاسی کرتی ہے۔ وزارت خارجہ نے لکھاکہ مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام کے پابند پڑوسیوں کے طور پر، ہندوستان طارق رحمن کی قیادت میں بنگلہ دیش میں منتخب حکومت کی آمد کا خیرمقدم کرتا ہے، جس کے ویژن اور اقدار کو عوام کی زبردست حمایت حاصل ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش کے روزنامہ پرتھم الو کی ایک رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی 17 فروری کو ممبئی میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ پہلے سے طے شدہ دو طرفہ ملاقات ہے۔ وزیراعظم مودی کی دہلی میں اے آئی امپیکٹ سمٹ بھی ہے۔ اس لیے وزیراعظم مودی اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔قبل ازیں بنگلہ دیشی اخبار ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق متوقع وزیراعظم طارق رحمن کی تقریب حلف برداری 17 فروری کو عبوری حکومت کی جانب سے منعقد کی جائے گی۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف سمیت جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کو مدعو کرنے کا اعلان کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 13 ویں قومی پارلیمانی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے نئی حکومت کی تشکیل کا باضابطہ عمل شروع کر دیا ہے۔ پارٹی دو تہائی سے زائد نشستیں جیت کر حکومت بنانے جا رہی ہے۔
معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر طارق رحمان کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکیں۔