ڈھاکہ : 23 اکٹوبر ( ایجنسیز ) بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے 15 اعلیٰ فوجی افسران کو جبری گمشدگیوں اور 2024 کے عوامی انقلاب کے دوران ہونے والے مظالم کے الزام میں قید کی سزا سنادی ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ بنگلہ دیش میں جبری گمشدگیوں کے لیے باضابطہ الزامات عائد کیے گئے ہیں اور پہلی بار اتنی تعداد میں اعلیٰ فوجی حکام کو شہری مقدمے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پانچ جرنیلوں سمیت ان افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے دور میں خفیہ غیرقانونی حراستی مرکز قائم کر رکھا تھا۔اقوام متحدہ کے مطابق جولائی اور اگست 2024 کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں 1,400 تک لوگ اس وقت ہلاک ہوگئے جب سیکورٹی فورسز نے حکومت مخالف مظاہروں کو کچلنے کی کوشش کی۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے ایک بیان میں کہا کہ عدالتی عمل احتساب کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ متاثرین اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔
متعدد ملک غزہ کیلئے بین الاقوامی فورس میں حصہ لینے تیار
واشنگٹن : 23اکٹوبر ( ایجنسیز ) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ متعدد ملک غزہ کے لیے بین الاقوامی فورس میں حصہ لینے کو تیار ہیں۔امریکی وزیر خارجہ نے مغربی کنارہ کے انضمام سے متعلق اسرائیلی پارلیمنٹ کے اقدام کو غزہ معاہدہ کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔امریکہ کی درخواست پر برطانوی فوجیوں کو غزہ امن منصوبے کی نگرانی کیلئے اسرائیل میں تعینات کردیا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی فوج کے ایک سینئر کمانڈر اور محدود تعداد میں فوجیوں کو امریکہ کی درخواست پر غزہ امن منصوبے کی نگرانی کیلئے اسرائیل بھیجا گیا ہے۔