بنگلہ دیش میں ڈسمبرکے پہلے ہفتہ تک عام انتخابات کی تاریخ طے ہوگی

   

ڈھاکہ، 30 اکتوبر (یو این آئی) بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ ملک کا الیکشن کمیشن اس سال ڈسمبرکے پہلے ہفتہ تک آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر سکتا ہے ۔ چیف ایڈوائزر کے پریس سکریٹری شفیق العالم نے چہارشنبہ کے روز چیف ایڈوائزر محمد یونس کی صدارت میں انتخابی تیاریوں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا۔ شفیق العالم نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ “بنگلہ دیش میں اگلے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ڈسمبر کے پہلے ہفتہ تک متوقع ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ سطحی میٹنگ میں بنیادی طور پر چار اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں عہدیداروں کی پوسٹنگ، جامع تربیت، حفاظتی انتظامات اور سوشل میڈیا پر غلط معلومات کا ازالہ کرنے کے لیے حکمت عملی پر بحث شامل تھی۔

بنگلہ دیش کو بزرگوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کا سامنا
ڈھاکہ، 30 اکتوبر (یو این آئی) بنگلہ دیش میں بزرگوں کی آبادی میں تیزی سے اضافہ کا سامنا ہے ۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق 60 سال سے زائد عمر کی آبادی 2020 میں 13 فیصد تھی جو بڑھ کر 2050 تک 30 فیصد ہو جائے گی۔ یہ اعداد و شمار بوڑھے افراد کی طویل مدتی نگہداشت پر ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) اور مقامی آیات ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی مشترکہ پہل بنگلہ دیش کے پہلے کنٹری ڈائیگنوسٹک اسٹڈی (سی ڈی ایس) کے آغاز کے ضمن میں ڈھاکہ میں منعقدہ پروگرام میں جاری کیے گئے ۔ سی ڈی ایس کی رپورٹ میں صحت، بہبود، اور صنفی پالیسیوں سے مربوط باضابطہ نگہداشت کے ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے لیے مربوط، کثیر شعبہ جاتی نقطہ نظر کی سفارش کی گئی ہے ۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ، بنگلہ دیش کی سماجی بہبود کی وزارت کے سکریٹری محمد ابو یوسف نے کہا، “یہ مربوط نگہداشت کے نظام کی تعمیر کا وقت ہے جس میں تربیت یافتہ نگہداشت کنندگان، پائیدار مالیاتی بندوبست، اور خدمات تک مساوی رسائی شامل ہو۔”