بنگلہ دیش میں ڈینگی سے مزید 5 افراد جاں بحق

   

ڈھاکہ۔ 2 نومبر (آئی اے این ایس) بنگلہ دیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد 2025 میں اس مرض سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 283 تک پہنچ گئی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس دوران 1,162 نئے مریض بخارکی علامات کے ساتھ اسپتالوں میں داخل کیے گئے، جس کے بعد سال 2025 میں ڈینگی کے مجموعی مریضوں کی تعداد 71,675 ہوگئی ہے، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کے مطابق یہ سرکاری تفصیلات ہیں۔ تازہ ہلاکتوں میں ڈھاکہ ساوتھ سٹی کارپوریشن کے علاقہ سے 3 اموات، ڈھاکہ نارتھ سٹی کارپوریشن سے ایک اور راجشاہی ڈویژن سے ایک موت رپورٹ ہوئی ہے۔ فی الحال ڈھاکہ کے اسپتالوں میں 1,040 مریض زیرِ علاج ہیں جبکہ ملک بھر کے مختلف اسپتالوں میں 2,982 مریض علاج حاصل کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2025 میں ڈینگی کے مریضوں میں62.1 فیصد مرد اور37.9 فیصد خواتین شامل ہیں۔ ہلاکتوں میں 53.4 فیصد مرد اور 46.6 فیصد خواتین تھیں۔ گزشتہ سال 2024 میں ڈینگی سے 575 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔