بنگلہ دیش میں 500 گارمنٹس فیکٹریاں کھل گئیں

   

ڈھاکہ ۔ 28اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں لباس تیار کرنے والی 500 سے زائد فیکٹریاں، جو بین الاقوامی برانڈز کو کپڑے سپلائی کرتی ہیں، دوبارہ کھل گئی ہیں جبکہ بھارت میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے مطالبات میں زور پکڑتے جا رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک ماہ کی طویل بندش کے بعد پیر کے روز بنگلہ دیش کی حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر ایسی پانچ سو فیکٹریاں کھولنے کا اعلان کر دیا، جو لباس تیار کر کے بین الاقوامی برانڈز کو سپلائی کرتی ہیں۔بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ اور کپڑے تیار کرنے والے بندرگاہی شہر چٹاگانگ میں دوبارہ سے ٹیکسٹائل فیکٹریاں کو کام شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ٹیکسٹائل کا شعبہ ملک کی اقتصادی شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔ بنگلہ دیش کی یہ فیکٹریاں گیپ سمیت دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں جیسے کہ زارا (انٹیڈکس) اور H&M کو ملبوسات سپلائی کرتی ہیں۔بنگلہ دیش نٹ ویئر مینوفیکچررز اور ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر محمد حاطم نے اس موقع پر کہا، ”ہم اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ ملازمین ماسک پہنیں، داخلی راستے میں ہاتھ دھوئیں، اپنے جسم کا درجہ حرارت چک کروائیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں۔‘‘