کل سے تین میچس کی ونڈے سیریز کا آغاز‘افغانستان کے بہتر مظاہرہ کی توقع
شارجہ۔6؍اکتوبر( ایجنسیز) بنگلہ دیش نے افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3۔0 سے کلین سویپ کرلیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کوکھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں سیف حسن کی ناقابلِ شکست 64 رنز کی اننگز کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 143 رنز بنائے۔بنگہ دیش کی جانب سے شریف الاسلام، محمد سیف الدین، نسیم احمد اور رشید حسین نے نپی تلی بولنگ کی۔ افغانستان کے 8 کھلاڑی 106 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔جواب میں بنگلہ دیش نے پر اعتماد انداز میں اننگز شروع کی۔ تنزید حسن 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سیف حسن نے سات چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔وکٹ کیپر بلے باز نرول حسن نے مسلسل تیسرے میچ میں ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے چھکہ لگا کر ٹیم کو جیت دلا دی۔افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان اور اظمت اللہ عمرزئی نے دو‘ دو وکٹیں حاصل کیں۔اس کامیابی کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے سیریز میں 3۔0 سے کلین سویپ مکمل کیا۔ سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں بنگہ دیش نے 4 وکٹ اور دوسرے میچ میں 2 وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3میاچس کی ونڈے سیریز کا آغاز8اکتوبر ہورہا ہے۔ٹی ٹوئنٹی میں وائٹ واش کے بعد افغانستان کو ونڈے سیریز میں کھلاڑیوں سے بہتر مظاہرہ کی توقع ہے ۔