بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو پہلا ٹسٹ ہرایا، تیج الاسلام ہیرو

   

سلہٹ میں کیویز 332 کے ٹارگٹ پر 181 پر آل آؤٹ۔ لیفٹ آرم اسپنر کو جملہ 10 وکٹ
سلہٹ (بنگلہ دیش): نیوزی لینڈ کو بنگلہ دیش ٹور پر پہلے ٹسٹ میں آج 150 رنز سے شکست ہوگئی اور ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے ٹیبل میں بنگلہ دیش نے 12 قیمتی پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں۔ لیفٹ آرم اسپنر تیج الاسلام نے اپنی گیندوں سے دھوم مچائی۔ انھوں نے میچ کی آخری اننگز میں 6/75 کے فیصلہ کن اعداد و شمار درج کرائے۔ پہلی اننگز میں انھیں 4 وکٹ حاصل ہوئے تھے۔ یہ ٹسٹ دلچسپ رہا۔ پہلی اننگز میں دونوں ٹیموں نے بہتر بیٹنگ کی۔ بنگلہ دیش کے 310 کے جواب میں نیوزی لینڈ نے کین ولیمسن کی سنچری (104) کے بل بوتے پر 317 رنز بنائے۔ اس طرح ٹم ساؤتھی زیرقیادت کیویز کو 7 رنز کی سبقت ملی۔ تاہم دوسری اننگز میں میزبانوں نے کپتان نجم الحسین شانتو کی سنچری (105) کی مدد سے 338 رنز اسکور کئے اور مہمانوں کو جیت کیلئے 332 کا ٹارگٹ دیا۔ تیج الاسلام کی خطرناک گیند بازی کی بدولت بنگلہ دیش نے آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کیلئے دو میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو 150 رنز سے شکست دی جب نیوزی لینڈ 181 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا۔ ولیمسن 11 پر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں مین آف دی میچ تیج الاسلام نے آؤٹ کیا۔