پاٹشیف اسٹروم۔9 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ابھیشیک داس (40 رن پر تین وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت بنگلہ دیش نے ہندوستان کو آئی سی سی انڈر -19 ورلڈ کپ کے فائنل میںآج47.2 اوور میں 177 رن پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان کی طرف سے یشسوي جیسوال نے ایک بار پھر بہترین بلے بازی کی اور 121 گیندوں میں آٹھ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 88 رنز بنائے ۔ ان کے علاوہ تلک ورما نے 65 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 38 رن بنائے ۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 92 رنز کی واحد بڑی شراکت ہوئی۔دفاعی چیمپئن ہندوستان نے ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کی اور اس کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ سیمی فائنل مقابلے میں نصف سنچری لگانے والے دویانش سکسینہ محض دو رن پر ابھیشیک کا شکار ہوئے ۔ پہلا دھچکا لگنے کے بعد یشسوي اور تلک نے ہندوستانی ٹیم کو سنبھالا لیکن دونوں کے درمیان شراکت داری کو تنظیم حسن ثاقب نے توڑ دیا۔تلک کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان پریم گرگ میدان میں اترے لیکن جلد ہی رقیب الحسن کا شکار ہو گئے ۔ پریم نے سات رنز بنائے ۔پریم کے پویلین لوٹنے کے بعد جیسوال بھی زیادہ دیر نہیں ٹک سکے اور شریف الاسلام کی گیند پرتنزید حسن کو کیچ تھما بیٹھے اور مسلسل دوسری سنچری بنانے سے چوک گئے ۔ہندوستان کی اننگز میں یشسوي اور تلک کے علاوہ کوئی بھی بلے باز متاثر کن بلے بازی نہیں کرسکا۔ ہندوستان کی جانب سے دھرو جوریل نے 22، ارتھو انکولیکر نے تین، سشانت مشرا نے تین اور روی بشنوئی نے دو رنز بنائے جبکہ آکاش سنگھ ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔آخری خبریں ملنے تک بنگلہ دیش نے 29 اوورس میں 6 وکٹس پر 128 رنز بنالئے تھے ۔کپتان اکبر علی(26) اور پرویز حسین 38 رنز بناکر کریز پر تھے۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے سیمی فائنل میں پاکستان کو 10 وکٹس سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے ہراکر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔