نئی دہلی، 4 جنوری (آئی اے این ایس) بنگلہ دیش کے مشیر اور نوجوانوں وکھیلوں کی وزارت کی نگرانی کرنے والے آصف نظرال نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے ہندوستان کا سفر نہیں کرے گا۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری کشیدگی کے بعد آئندہ آئی پی ایل سیزن کے لیے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے اسکواڈ سے فاسٹ بولر مستفض الرحمن کو نکالے جانے کے بعد، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اپنے بولرکی آئی پی ایل سے باہر ہونے کے بعد آئندہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے بی سی بی عہدیداران اور متعلقہ حکام کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ آصف نے فیس بک پر ایک بیان میں بتایا کہ اس اجلاس کے دوران بی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا بنگلہ دیش ورلڈکپ کھیلنے کے لیے ہندوستان نہیں جائے گا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آج یہ فیصلہ کیا ہے۔ ہم اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، جو ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی جارحانہ فرقہ وارانہ پالیسیوں کے تناظر میں لیا گیا ہے۔ مستفیض الرحمن جو گزشتہ ماہ ہونے والی منی نیلامی میں کے کے آرکی جانب سے 9.20 کروڑ روپے میں خریدے جانے کے بعد تاریخ کے سب سے مہنگے بنگلہ دیشی کھلاڑی بنے تھے، انہیں بی سی سی آئی کی ہدایات کے بعد آئی پی ایل اسکواڈ سے رہا کر دیا گیا۔ بی سی سی آئی کی جانب سے بعض لوگوں کے مطالبے پر بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے ہجوم کے ہاتھوں قتل کے واقعات کے پس منظر میں، مستفیض کو ہندوستان میں کھیلنے کی اجازت نہ دینے کے بعد آصف نے ہندوستان میں اپنے کھلاڑیوں کی سلامتی پر تشویش کا اظہار کیا اور اسی وجہ سے میچوں کے مقام میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔ آصف نے ایک سابق فیس بک پوسٹ میں لکھا تھا میں نے کرکٹ کنٹرول بورڈکو ہدایت دی ہے کہ وہ اس پورے معاملے کی تحریری وضاحت آئی سی سی کو پیش کرے۔ بورڈ کو واضح طور پر یہ بات رکھنی چاہیے کہ جب ایک بنگلہ دیشی کرکٹر معاہدے کے باوجود ہندوستان میں کھیلنے سے قاصر ہو، تو بنگلہ دیش کی قومی ٹیم بھی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے ہندوستان کا سفر محفوظ محسوس نہیں کر سکتی۔ میں نے بورڈ کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ میچز سری لنکا میں کروانے کی درخواست کی جائے۔ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 7 فروری کو ویسٹ انڈیز، 9 فروری کو اٹلی، 14 فروری کو انگلینڈ اور17 فروری کو نیپال کے خلاف میچ کھیلنے تھے، جو بالترتیب کولکاتا کے ایڈن گارڈنز اور ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں منعقد ہونا تھے۔ اس کے علاوہ آصف نے بنگلہ دیش میں آئی پی ایل میچوںکی نشریات بند کرنے کے لیے اطلاعات و نشریات کے مشیر سے بھی کہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا اس کے علاوہ میں نے اطلاعات و نشریات کے مشیر سے درخواست کی ہے کہ بنگلہ دیش میں آئی پی ایل میچوں کی نشریات معطل کی جائیں۔
