ڈھاکہ ؍ اسلام آباد ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسلام آباد میں موجود بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن نے دونوں ممالک کے درمیان تازہ ترین سفارتی تنازعہ پیدا ہونے پر ایک ہفتہ کیلئے پاکستانی شہریوں کو ویزوں کی اجرائی مسدود کردی ہے۔ منگل کے روز ایک بنگلہ دیشی عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ یاد رہیکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2013ء سے اس وقت سفارتی تعلقات خراب ہوئے جب بنگلہ دیش نے 1971ء کی جنگ آزادی کے متعدد مجرمین کو پھانسی پر لٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات گذشتہ سال اس وقت مزید خراب ہوگئے جب بنگلہ دیش نے پاکستانی ہائی کمشنر کو بھی ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا تھا۔ دریں اثناء بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار نے اس عمل کو بنگلہ دیش کی جانب سے احتجاج بتایا ہے۔ البتہ ڈھاکہ کے دفترخارجہ نے پاکستانی شہریوں کو ویزا جاری نہ کرنے کے تعلق سے سرکاری طور پر کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا ہے۔