ڈھاکہ : بنگلہ دیش کی سب سے بڑی ایئرلائنز یو ایس بنگلہ ایئرلائنز نے سعودی عرب سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ڈھاکہ سے ریاض کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کر دی ہیں۔خیال رہے یو ایس بنگلہ ایئرلائنز طیاروں کے اعتبار سے بنگلہ دیش کی سب سے بڑی ایئرلائن ہے۔عرب نیوز کے مطابق یو ایس بنگلہ ایئرلائنز کی پہلی پرواز پیر کو حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ ڈھاکہ سے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی، جس میں 423 مسافر سوار تھے۔مطابق یو ایس بنگلہ ایئرلائنز ہر ہفتے ڈھاکہ سے سعودی عرب کے لیے پانچ فلائٹیں ایئربس 330 طیارے کے ذریعے چلائے گی۔مستقبل میں ایئرلائنز کا ان پروازوں کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کا منصوبہ ہے۔جنرل منیجر پبلک ریلیشینز یو ایس بنگلہ ایئرلائنز قمرالاسلام نے منگل کو عرب نیوز کو بتایا، ’آج بھی ہم مکمل بکنگ کے ساتھ فلائٹ چلا رہے ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے کسی بھی منزل کے لیے پروازوں کی طلب رہتی ہے۔‘’ہمیں مسافروں سے بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے،جلد ہی اس روٹ پر روزانہ کی بنیاد پر پروازیں چلائی جائیں گی۔‘ایئرلائن مشرق وسطیٰ کے لیے بڑھتی ہوئی سفری ڈیمانڈ سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔بنگلہ دیش سے سعودی عرب کے لیے پروازیں اتنی کم ہیں کہ وہ مملکت میں موجود تقریباً 30 لاکھ بنگلہ دیشی کارکنوں اور لاکھوں حج و عمرہ کے زائرین کی ضروریات کو پورا نہیں کر سکتیں۔