ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں گزشتہ شام 6 بجے سے نافذ ہونے والے کرفیو میں آج مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے نرمی کی جائے گی۔ خبر ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹا سسٹم کے خلاف جاری طلبہ کے احتجاج میں 105 افراد کی ہلاکت کے بعد گزشتہ شام 6 بجے سے ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔ پرتشدد مظاہروں کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات کر دی گئی ہے اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔ بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ کی سڑکوں پر فوج کا گشت جاری ہے تاہم مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے دو گھنٹوں کے لیے کرفیو میں نرمی کی جائیگی۔ خبر ایجنسی کے مطابق ملک بھر میں نافذ کرفیو کل صبح مقامی وقت کے مطابق 10 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔ واضح رہے کہ 5 روز سے جاری پْرتشدد مظاہروں میں اموات کی تعداد 105 ہوچکی ہے جبکہ پولیس اور طلبہ کے درمیان کئی روز سے جاری جھڑپوں میں ڈھائی ہزار سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں، جن میں 104 پولیس اہلکار اور 30 صحافی بھی شامل ہیں۔
یوکرین میں توانائی تنصیبات پر 17 روسی ڈرون حملے
کیف : روس کی جانب سے یوکرین میں توانائی کی تنصیبات پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔ یوکرینی فضائیہ حکام کے مطابق روس کے 17 میں سے 13 ڈرون مار گرائے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ روس نے ایک رات میں یوکرین کے علاقوں پر 17 ڈرون لانچ کیے تھے۔ یوکرینی فضائیہ نے کہا ہے کہ ڈرون حملے میں فوری طور پر جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔