بنگلہ دیش: کشتی میں آگ لگنے سے 39 افراد ہلاک

   

ڈھاکہ : جنوبی بنگلہ دیش میں دریا عبور کرنے کے لئے استعمال ہونے والی کشتی میں آگ لگنے سے کم از کم 39 افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریبا 250 کلومیٹر دور جھالوکھتی نامی دیہات میں پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات دیتے ہوئے مقامی پولیس نے بتایا کہ کشتی میں 500 کے قریب افراد سوار تھے۔پولیس افسر معین الاسلام نے عالمی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’’ تین منزلہ کشتی دریا کے درمیان پہنچی تو اس میں آگ لگ گئی۔ ہم نے اب تک 32 افراد کی نعشیں پانی سے نکال لی ہیں۔ ان ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔اکثر افراد کی موت آگ میں جھلسنے جبکہ کچھ پانی میں ڈوبنے سے ہلاک ہوئے‘‘۔پولیس اہلکار کے مطابق ڈھاکہ سے گھروں کو واپس جانے والے افراد کی کشتی میں آگ انجن روم سے لگی جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے پوری کشتی میں پھیل گئی۔پولیس کے مطابق تقریبا 100 افراد کو مقامی اسپتالوں میں آگ کے زخموں کے علاج کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔بنگلہ دیش کے ماہرین کے مطابق ایسے حادثات کی ذمہ داری عموما ناقص دیکھ بھال، شپ یارڈز پر حفاظتی معیار کی کمی اور لوگوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی کشتیوں پر عائد ہوتی ہے۔