بنگلہ دیش کو شکست دیکر افغانستان سیمی فائنل میں داخل

   

کنگس ٹاؤن ۔ افغانستان نے ٹی20 ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کردی۔ بنگلہ دیش کو شکست دے کر اس نے پہلی مرتبہ سیمی فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کا سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں ختم ہوگئیں۔ اسے ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا۔ آسٹریلیا 2021 میں ٹی20 ورلڈکپ کا چمپئن تھا لیکن اس باراس کا سفر سوپر8 میں ہی ختم ہوگیا ہے۔ یہ فتح افغانستان کرکٹ کے لیے تاریخی ہے۔ کیونکہ اس فتح نے افغانستان کو عالمی چمپئن بننے کے خواب کے ایک قدم اور قریب پہنچا دیا ہے۔ افغانستان نے بنگلہ دیش کو8 رنز سے شکست دی۔ اس میچ کا نتیجہ ڈک ورتھ لوئس کے اصول سے آیا۔ بارش نے4 بار میچ میں خلل ڈالا۔ چوتھی بار بارش کے بعد ہدف کا تعاقب کرنے والی بنگلہ دیش کی اننگز ایک اوور تک کم ہوگئی اور اس کا ہدف بھی کم ہوگیا۔ افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے بنگلہ دیش کو 116 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن جب ڈی ایل ایس کے تحت بنگلہ دیش کی اننگز 19 اوورز تک سمٹ گئی تو اسے 114 رنز کا نیا ہدف ملا۔ یہ پہلا موقع ہے جب افغانستان کی ٹیم کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے ٹکٹ ملا ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی اننگزکو 105 رنز پر سمیٹ کر میچ اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ کپتان راشد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف 114 رنزکا دفاع کرتے ہوئے افغانستان کی قیادت کی۔ انہوں نے میچ میں 4 اوورز میں 23 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ راشد کے علاوہ نوین الحق کی بولنگ بھی کمال کی تھی۔ انہوں نے بھی کپتان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے 4 وکٹیں لے کر بنگلہ دیش کو کاری ضرب لگائی ۔ لٹن داس (54) کے علاوہ بنگلہ دیش کی جانب سے کوئی بھی بیٹرکچھ خاص مظاہرہ نہ کرسکا۔ نوین کو ان کی عمدہ بولنگ پر پلیئر آف دی میچ دیا گیا۔