دبئی، ڈھاکہ،7 جنوری(یواین آئی ) ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کے انعقاد سے قبل کرکٹ کی بساط پر ایک بڑا انتظامی بحران سر اٹھانے لگا ہے ۔ ایک معروف کرکٹ ویب سائٹ نے سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے بنگلہ دیش کی وہ درخواست مسترد کردی ہے جس میں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر میچز ہندوستان سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے بنگلہ دیشی بورڈ (بی سی بی ) کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کو ہر صورت ہندوستان جا کرکھیلنا ہوگا۔ ہندوستان نہ جانے کی صورت میں بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ میچزکے پوائنٹس سے محروم کردیا جائے گا۔آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان ہونے والی حالیہ ورچوئل کال میں اس انکارسے آگاہ کر دیا گیا ہے ۔دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ان تمام رپورٹس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں غلط اور من گھڑت قرار دے دیا ہے ۔ بی سی بی کے ترجمان کے بموجب ہمیں آئی سی سی کا جواب موصول ہوا ہے جس میں الٹی میٹم جیسی کوئی بات نہیں۔
