ڈھاکہ ۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے نئے 8 سالہ سائیکل میں شامل دو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ایونٹس میں سے ایک کی میزبانی حاصل کرنے پر نگاہیں مرکوز کردی ہیں اور بی سی بی حکام نے کہا ہے کہ وہ بولی کے عمل میں شامل ہونے کیلئے آئی سی سی کو تحریری درخواست بھی دے چکے ہیں۔ بی سی بی عہدیداروں کے مطابق آئی سی سی میزبان کے انتخاب کیلئے براعظم کی بنیاد پر روایتی سائیکل پالیسی میں تبدیلی کی خواہاں ہے جس نے 2024سے شروع ہونے والے نئے سائیکل میں بولی کی بنیاد پر ایونٹس فراہم کرنے کا نظام متعارف کروایا ہے اور چونکہ نئے آٹھ سالہ سائیکل میں ونڈے اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے دو،دو ایونٹس موجود ہیں لہٰذا بڑے ممالک نے پچاس اوورزکے ایونٹس کی میزبانی پر نظر رکھی ہوئی تھی۔واضح رہے کہ بولی کے عمل میں شرکت کیلئے 15 مارچ کی آخری تاریخ گزر چکی لیکن بنگلہ دیشی حکام کا اصرار ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے بولی کے عمل میں شرکت کیلئے آئی سی سی کو تحریری درخواست دے چکے ہیںکیونکہ ہر ملک کو اس حوالے سے مظاہرے کیلئے چھ ماہ کا وقت ملتا ہے۔ بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری کے مطابق وہ ونڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کے خواہاں نہیں جس کیلئے کم ازکم دس میدانوں کی ضرورت ہوتی ہے اور بنگلہ دیش میں اتنا مضبوط انفرا سٹرکچر نہیں ہے لہٰذا ان کی کوشش ہیکہ 2024 اور2028کے ٹی ٹونٹی ایونٹس میں سے ایک کی میزبانی حاصل کی جائے۔یاد رہے ماضی میں بنگلہ دیش نے ایشیاء کپ کی میزبانی کی ہے جس میں میزبان کے علاوہ ہندوستان، پاکستان، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کرچکی ہیں۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ ماضی کے تجربات کے تحت مستقبل میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے کوشاں ہے ۔