ڈھاکہ۔22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی خاتون ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ اور گزشتہ کچھ سیریز کے لیے بنگلہ دیش کی خاتون کرکٹ ٹیم کے منیجر کی ذمہ داری سنبھالنے والے بنگلہ دیش کے سابق کرکٹر جاوید عمر ٹیم کی اہم معلومات افشاء کرنے کے الزام میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے شک کے گھیرے میں آ گئے ہیں۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ایک اعلی عہدیدار نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر کہا کہ آئی سی سی کی طرف سے ہمیں مطلع کیا گیا ہے کہ انہیں مستقبل کے کسی ٹورنمنٹ میں ٹیم کے ساتھ نہ رکھا جائے ۔ ہمارے لئے یہ بہت مایوس کن ہے ۔عمر کی سرگرمیاں آئی سی سی کے حکام کی مسلسل تفتیش کے دائرے میں تھیں اور ان کے خلاف کافی ثبوت جمع کرنے کے بعد بورڈ نے بی سی بی سے انہیں باہر کرنے کی اپیل کی۔بنگلہ دیش کے سابق اوپنر جاوید عمر نے40 ٹسٹ میچ اور59 ونڈے میچ کھیلے ہیں۔