کراچی ۔3 جنوری( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے آغاز میں تین ہفتوں سے بھی کم وقت رہ گیا ہے لیکن ابھی تک پاکستان میں ٹسٹ سیریز کے انعقاد کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا اور فریقین اپنے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش نے رواں ماہ ٹی20 اور ٹسٹ سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے جہاں بنگلہ دیشی حکام ٹی20 سیریز کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے پر راضی ہیں لیکن وہ ٹسٹ میچز پاکستان کے بجائے تیسرے مقام پر انعقاد کے خواہاں ہیں۔ سری لنکا کے کامیاب دورہ پاکستان اور ٹسٹ کرکٹ کی 10سال بعد بحالی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلہ دیش کیخلاف ٹسٹ میچز بھی ملک میں ہی منعقد کروانا چاہتا ہے ۔ سیریز کے انعقاد کا وقت ہر گزرتے دن کیساتھ قریب آتا جا رہا ہے لیکن دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز ابھی تک کسی بھی بات پر متفق نہیں ہو سکے اور اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی سی بی سے رابطے میں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑی پہلے پاکستان میں ٹی20 میچز کھیل لیں اور ہمارے کھلاڑی، کوچنگ اسٹاف اور سیکیورٹی ٹیم وہاں کھیل کر جائزہ لے لیں جس کے بعد ہم فیصلہ کرنا چاہتے ہیں کہ ٹسٹ میچز پاکستان میں کھیلیں گے یا تیسرے مقام پر سیریزکا انعقاد ہونا چاہیے۔
