کراچی ۔31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم 3 ٹوئنٹی20 اور 2 ونڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے اکتوبر میں پاکستان آئے گی۔ اس حوالے سے جاری پی سی بی کے اعلان کے مطابق 26 اکتوبر سے 4 نومبر تک جاری رہنے والی اس سیریز میں شرکت کے لیے مہمان ٹیم 23 اکتوبر کو لاہور پہنچے گی اور 2 ہفتوں تک پاکستان میں قیام کرے گی۔پاکستان اور بنگلہ دیش خاتون ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والی اس سیریز کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ ٹوئنٹی20 سیریز کا پہلا میچ 26، دوسرا 28 اور تیسرا 30 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ ونڈے میچز کی سیریز کا آغاز 2 نومبر کو ہوگا اور یہ 4 نومبر تک جاری رہے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ 4 برس کے دوران بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم کا یہ دوسرا دورہ پاکستان ہے، مہمان ٹیم کی آمد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے پی سی بی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔اس سے قبل بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم نے 2015 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس میں 2 ٹوئنٹی20 اور 2 ونڈے میچز کھیلے گئے تھے۔ سری لنکا کی مینز کرکٹ ٹیم بھی ونڈے میچز اور ٹوئنٹی20 پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔