بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان کا ہنوز فیصلہ نہیں ہوا

   

لاہور۔3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دو ٹسٹ میچز کے لیے ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ابھی تک فیصلہ نہیں کرپایا۔ بنگلہ دیش میڈیا کے مطابق ٹیم کے دورے پاکستان کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نظام الدین کے حوالے سے موقف اختیارکیا گیا ہے کہ دورے کے حوالے سے کوئی فیصلے کرنے سے قبل آئی سی سی اور دیگر حکام سے بات چیت کرنا بھی ضروری سمجھتے ہیں۔ پاکستان کا دورہ کرنے والی حکومتی سیکورٹی ٹیم اور بنگلہ دیش ہائی کمیشن کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں ۔ سی ای او بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق کوشش کر رہے ہیں دورے کے حوالے سے فیصلہ جلد از جلد کریں۔ سیکورٹی ٹیم کی رپورٹ دورے پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔ بنگلہ دیش کی خواتین اور بوائز ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد سیکورٹی ٹیم کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہی قطعی فیصلے پر پہنچ سکیں گے۔اس دورے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ پی سی بی حکام نے کہا ہے کہ آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کا حصہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز آئندہ سال جنوری فروری میں طے ہے جس کے لیے مجوزہ منصوبہ بنگلا دیش بورڈ کو بجھوایا جاچکا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ وہ اپنی تمام ہوم سیریز ملک میں ہی کھیلے گا۔ اب کوئی سیریز تیسرے مقام پر نہیں ہوگی۔سری لنکا ٹیم اپنے دو ٹسٹ میچ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلنے آرہی ہے۔ بنگلہ دیش ٹیم کو سخت ترین سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے اگر بنگلہ دیش پاکستان آکر سیریز نہیں کھیلے گی تو پھر اسے اپنے نشانات سے محروم ہونا پڑے گا۔ یقین ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان آکر ضرور کھیلے گی۔ یاد رہیکہ حالیہ دنوں میں سری لنکا نے پاکستان کا محدوداوورس کی سیریز کیلئے دورہ کیا ہے اور اسکے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکائی ٹیم اب ٹسٹ سیریزکیلئے دوبارہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔