بنگلہ دیش کے مظاہروں سے کوچ میکینزی ناراض

   

ڈھاکہ ۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز میں مہمان ٹیم کی کارکردگی پر ٹیم کے بیٹنگ کوچ نیل میکینزی ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی بیٹسمینوں میں زیادہ رنز بنانے کی خواہش، بھوک اور بے خوفی نظر نہیں آرہی ہے۔ پاکستان کا دورہ کرنے والے بنگلہ دیشی کرکٹرز کو اپنے اندر دلیری پیدا کرنی ہو گی اور ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو جو کہ کھلاڑیوں کو میچوں میں نہ ڈرنے کا سبق پڑھا رہے ہیں اس پر عمل کرنا ہو گا۔ واضح رہے کہ نیل میکینزی نے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ ڈھاکہ میں ٹھہرکر ٹسٹ سیریز کے کھلاڑیوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی اسکواڈ میں کافی تجربہ کارکھلاڑی موجود ہیں،اس کے باوجود پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں مظاہرے مایوس کن رہے۔ نیل میکینزی کے مطابق پہلے ٹی ٹونٹی میں بنگلہ دیش کی ابتدا مایوس کن تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے اسٹرائیک روٹیشن اور بولرزپر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ درست مقامات پر گیندیںکرئیں تاہم پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں یہ سب کچھ نظر نہیں آیا۔مجھے اپنے اسکواڈ پر بھروسہ ہے کہ وہ اچھا کھیل پیش کر سکتا ہے۔