نئی دہلی: نظام الدین مرکز میں واقع بنگلہ والی مسجد فی الحال کھلی رہے گی۔ دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو نظام الدین مرکز کی مسجد کو 14 اکتوبر تک عوام کے لیے کھلا رکھنے کی اجازت دے دی۔ اس سے قبل پولیس نے کورونا پابندیوں کے درمیان صرف ماہ رمضان کے لئے مسجد کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی تھی۔ اس طرح نظام الدین مرکز میں واقع مسجد عید کے دن بھی کھلی رکھی گئی ہے ۔عدالت نے مسجد انتظامیہ کو داخل ہونے اور باہر نکلنے کے ساتھ ساتھ سیڑھیوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور فوٹیج کا ریکارڈ رکھنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے یہ حکم دہلی وقف بورڈ کی اس درخواست پر دیا ہے جس میں نظام الدین مرکز میں واقع بنگلہ والی مسجد کو مکمل طور پر کھولنے کی مانگ کی گئی ہے ۔