بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں عہدیداروں کی لاپرواہی ناقابل برداشت

   

وزیر فینانس ہریش رائو کا انتباہ، بجٹ کی موجودگی کے باوجود خرچ نہ کرنے پر اعتراض
حیدرآباد۔ 31 جنوری (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے بلدی عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہریش رائو نے ظہیرآباد میونسپل دفتر میں عہدیداروں کے ساتھ اجلا منعقد کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ایم مانک رائو، رکن کونسل فرید الدین اور بلدی عہدیدار موجود تھے۔ ہریش رائو نے فنڈس کی موجودگی کے باوجود اسے خرچ نہ کئے جانے پر ناراضگی جتائی۔ انہوں نے کہا کہ ظہیرآباد بلدیہ کے حدود میں ترقیاتی کاموں پر مزید توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد اب ترقیاتی کاموں پر عہدیداروں کو توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ میں 35 کروڑ سے زائد کا فنڈس موجود ہے لیکن عہدیدار اسے خرچ کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ ہریش رائو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد ترقیاتی کاموں کو قطعیت دیں تاکہ اس رقم کے ذریعہ عوام کو بہتر بلدی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی کسی بھی لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عہدیدار خود کو عوام یا حکومت کے لیے جوابدہ تصور کریں۔ انہوں نے اہل افراد کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کا تیقن دیا اور عہدیداروں سے کہا کہ اس سلسلہ میں اہل امیدواروں کی فہرست فوری تیار کی جائے۔ انہوں نے ٹیکس کے حصول پر توجہ دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں ٹیکس کی آمدنی سے مدد ملے گی۔ انہوں نے ٹیکس وصولی میں اضافے پر توجہ دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بلدیہ کو مالی طور پر مستحکم کرتے ہوئے ترقیاتی کام انجام دیئے جاسکتے ہیں۔ عوامی نمائندوں نے عہدیداروں کو اپنے علاقوں کے مسائل سے واقف کرایا۔