بنیادی پولیسنگ کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ

   

کمانڈ کنٹرول سنٹر میں پولیس عہدیداروں کے اجلاس سے سٹی کمشنر پولیس سجنار کا خطاب

حیدرآباد ۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنار نے دونوں شہروں کے پولیس عہدیداروں کا ایک اجلاس منعقد کیا جس میں یہ انتباہ دیا کہ بنیادی پولیسنگ کو بھولنے اور پولیس کا نظام خراب کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کمشنر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد سجنار نے انٹی گریٹیڈ کمان کنٹرول سنٹر کے آڈیٹوریم بنجارہ ہلز میں پہلا مجموعی اجلاس منعقد کیا۔ کمشنر پولیس اپنے ماتحت عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی اور اصل پولیسنگ کو مؤثر انداز میں انجام دیا جائے تاکہ جرائم پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عہدیداروں کی ایسی کوئی حرکت جس سے محکمہ پولیس کے نظام اور عزت و قار کو نقصان پہنچتا ہے تو اس عہدیدار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈیوٹی انجام دینے میں کوتاہی کو بھی ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کمشنران پولیس سے لیکر اسٹیشن ہاوز آفیسر کے رتبہ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ انہوں نے اجلاس میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ مختلف ترجیحی امور پر ہدایت دی جن میں قانون و امن کی برقراری، جرائم پر قابو پانے اور تحقیقات، عوامی سہولیات، ٹکنالوجی کے استعمال اور افرادی قوت کا نظم و نسق شامل ہیں۔ کمشنر پولیس وی سی سجنار نے افسران کو یہ ہدایت دی کہ بہتر پولیسنگ کے ذریعہ عوام کا تحفظ ممکن ہے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے بھی پولیس اولین ترجیح دینی چاہئے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر پولیس اہلکار اپنی ذمہ داری پوری لگن، نظم و ضبط اور صدفیصد عزم کے ساتھ نبھائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عملہ محض ایک ہی کام تک محدود نہ رہے بلکہ تمام شعبوں میں مہارت حاصل کرے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ہر کوئی اپنے فرائض محبت اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دے اور ایس ایچ اوز اپنے متعلقہ حدود میں ہونے والے تمام معاملات کیلئے مکمل طور پر جواب دہ ہوں گے۔ انہوں نے تاکید کی کہ کسی مقدمے کو معمولی نہ سمجھا جائے۔ ہر چھوٹے جرم کی مکمل چھان بین ضروری ہے کیونکہ اگر چھوٹے جرائم پر وقت پر قابو نہ پایا گیا تو وہ بڑے جرائم میں بدل سکتے ہیں۔ ہر کیس کو تکنیکی طور پر ہر زاویہ سے پرکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے عمل کو مزید تیز بنانے کیلئے جدید ٹکنالوجی، خاص طور پر مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال پر غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے تمام پولیس اہلکاروں سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ اور حیدرآباد پولیس کی ملک گیر شبیہہ کو مزید بلند کرنے کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر تفسیر اقبال، ایڈیشنل کمشنر کرائم ایم سرینواس اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ب