کم عمر لڑکے کی لاپرواہی، معمر خاتون اور کمسن بچہ ہلاک، دیگر زخمی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست (سیاست نیوز) بوئن پلی علاقہ میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں کم عمر لڑکے کی لاپرواہی کی ڈرائیونگ سے معمر خاتون اور اس کا نواسہ برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بوئن پلی میں کل رات 45 سالہ سندھیا کرن کی ضعیف ماں 65 سالہ ناگمنی اور جڑواں شیرخوار بیٹے مہا دیو اور مادھو کے ساتھ علاقہ بوئن پلی سے آٹو میں جارہی تھی کہ ڈیری فارم چوراہے پر ایک تیز رفتار کار نے ان کے آٹو کو ٹکر دے دی ۔ اس حادثہ میں شیرخوار مہا دیو برسر موقع ہلاک جبکہ ناگمنی شدید زخمی ہوگئی تھی اور دواخانہ میں علاج کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ اس حادثہ میں ایک اور شیرخوار مادھو کے علاوہ آٹو ڈرائیور اور سندھیا کرن بھی زخمی ہوگئی ۔ پولیس بوئن پلی نے کم عمر کار ڈرائیور اور اس کے باپ نورالدین کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرتے ہوئے کار کو ضبط کرلیا اور مزید تحقیقات جاری ہے ۔