بوئن پلی میں قماربازی کا اڈہ بے نقاب، بارہ افراد گرفتار

   

حیدرآباد /17 جولائی ( سیاست نیوز ) سکندرآباد کے علاقہ بوئن پلی اور رجمنٹل بازار میں دھاوا کرتے ہوئے کمشنر ٹاسک فورس ٹیم نارتھ زون نے قمار بازی کے ٹھکانوں کو بے نقاب کردیا ۔ اور 12 افراد کو حراست میں لے لیا ۔ پولیس نے بوئن پلی کے علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے 8 سیل فون اور 15870 روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹاسک فورس پولیس ایک فقیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نیتاجی نگر علاقہ میں ایک مکان پر دھاوا کیا جو بوئن پلی پولیس حدود میں آتا ہے ۔ اس مکان میں میکالہ رامو نامی 49 سالہ شخص مکان میں قمار بازی کا ٹھکانا چلا رہا تھا ۔ پولیس نے اس کارروائی میں 39 سالہ ٹی وینکٹیش ساکن کوکٹ پلی 43 سالہ کے وینکٹیش توپران ، میدک ، 35 سالہ کے سرینواس توپران میدک 43 سالہ وی رمیش ریڈی ساکن بیگم پیٹ 64 سالہ جگن موہن ساکن نیو بوئن پلی 65 سالہ لکشمی راؤ ، رسول پورہ پولیس لائین اور 48 سالہ بی سریش ساکن بوئن پلی کو گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس پولیس نے بتایا کہ اصل سرغنہ سیکالہ راملو نے آمدنی کا ذریعہ بنانے کیلئے اپنے ذوق کو کاروبار میں بدل دیا اور اپنے مکان میں جوئے کا اڈہ تیار کرلیا تین پتوں کی گیم کا ماہر اور عادی اس شخص نے تین پتوں کی لالچ بھری گیم کو کھیلنے کے عادی جواریوں کو جمع کیا اور ذوق کے ساتھ ساتھ آمدنی حاصل کرنے لگا اور فی کس 500 روپئے وصول کرتا تھا ۔ ٹاسک فورس پولیس نے ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ گرفتار افراد کو مزید کارروائی کیلئے بوئن پلی پولیس کے حوالے کردیا ۔ نارتھ زون ٹاسک فورس پولیس کے مطابق گوپال پورم کے علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 35660 روپئے نقد رقم 4 سیل فون ضبط کرلیا۔ اصل سرغنہ ایوناش جس کی عمر 34 سال بتائی گئی ہے ۔ اپنے مکان میں جوئے کا اڈہ چلارہا تھا ۔ پولیس نے اس کارروائی میں 38 سالہ لکشمن ساکن چلکل گوڑہ 27 سالہ نوی کمار ساکن ماریڈپلی اور 33 سالہ کے نرسنگ راؤ ساکن میٹوگوڑہ ، چکل گوڑہ کو گرفتار کرلیا اور مزید کارروائی کیلئے انہیں گوپال پورم پولیس کے حوالے کردیا ۔