بوئن پلی کے دو سو خاندانوں میں ملبوسات کی تقسیم

   

ہندو مسلم خاندانوں کا استفادہ ، ادارہ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈز کا مستحسن اقدام
حیدرآباد ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : محنت و محبت ہی ہماری ترقی کے ضامن ، ہندوستان ہم سب کا ہے ۔ کپڑا بینک کی جانب سے بوئن پلی میں دو سو خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم حیدرآباد ۔ کپڑا بینک جو اپنے قیام کے پانچویں سال میں داخل ہوچکا ہے ، اس کی طرف سے کل شام بوئن پلی کے علاقہ میں دو سو سے زائد ہندو مسلم خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم عمل میں آئی ۔ ڈاکٹر یاسمین صدیقی ، جو کسی زمانہ میں حیدرآباد کے قدیم شہر میں رہا کرتی تھی ، ان کے قائم کردہ فی سبیل اللہ ٹرسٹ کی جانب سے ہر سال ایک کنٹینر کپڑے اور ضروری اشیاء کینڈا سے بھیجتی ہیں ۔ ان کی غیر معمولی اور انتھک کوششوں کے سبب پچھلے 5 سالوں سے کئی مستحق خاندانوں میں نہ صرف ملبوسات بلکہ کئی دیگر ضروری اشیاء جیسے پرسس ، بیاگس ، جوتے ، سرمائی سویٹر کوٹ بچوں کے کھلونے وغیرہ تقسیم کئے جاتے ہیں ۔ حیدرآباد میں عابد علی خاں ہاسپٹل ، چادر گھاٹ پر تیسری منزل میں ان کپڑوں کو باضابطہ طور پر منتخب کیا جاتا ہے اور پھر انہیں پیاک کر کے بہت ہی احترام سے تقسیم کیا جاتا ہے ۔ ضرورت پڑنے پر تقسیم سے پہلے ڈرائی کلین بھی کرایا جاتا ہے ۔ یہ سارے کام ادارہ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈز کی نگرانی میں ہوتے ہیں ۔ کل شام بوئن پلی میں کپڑوں کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ ڈاکٹر یاسمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ محنت اور محبت ہی ہماری ترقی کی ضامن ہے ۔ کافی تعداد میں غیر مسلم خواتین کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین نے کہا کہ جس طرح آج وہ سب بہت ہی محبت سے ایک دوسرے سے مل کر بیٹھے ہیں ۔ اسی طرح وہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ اور ایک دوسرے کی مدد کرتے رہیں اس لیے کہ ہندوستان ہمارا ہے ۔ جناب رضوان حیدر ، ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ نے کہا کہ ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب بھی ترقی کریں ۔ انہوں نے مسرت کا اظہار کیا جب حاضرین نے ہاتھ اٹھا کر انہیں بتایا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم میں بہت سنجیدہ ہیں اور تمام کے تمام انگریزی اسکول میں تعلیم حاصل کرتے ہیں ۔ ابتداء میں ڈاکٹر شوکت علی مرزا ، منیجنگ ٹرسٹی ہیلپنگ ہینڈز نے کینڈا سے آئے ہوئے جناب ذاکر صدیقی ، ڈاکٹر یاسمین صدیقی اور فیض عام ٹرسٹ کے جناب سید علی حیدر ، جناب رضوان حیدر ، اور جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ کا استقبال کیا اور کپڑا بینک کی کارکردگی سے واقف کرایا ۔ آپ نے اس بات پر زور دیا کہ اللہ تعالیٰ نے جنت دینے والوں کے لیے بنائی ہے نہ کہ لینے والوں کے لیے ۔ انہوں نے دعاکی کہ ان شاء اللہ جتنے لوگ آج لینے کے لیے آئے ہیں وہ عنقریب دینے والے بنیں گے ۔ جناب افتخار حسین کے ہاتھوں ملبوسات کی تقسیم عمل میں آئی ۔ آپ نے یقین دلایا کہ یہ فیض کا سلسلہ بذریعہ فیض عام ٹرسٹ جاری رہے گا ۔ خلاف معمول کافی تعداد میں ہندو خواتین موجود تھیں۔ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے محمد اعظم اور سید عبدالستار ، کپڑا بینک کی جانب سے محمد اکرم اور اسماء فاطمہ اور ہیلپنگ ہینڈز کی جانب سے تبسم فاطمہ نے اس تقسیم کے لیے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔۔