نئی دہلی : مزدوروں کی بہبود اور حفاظت سے متعلق بوائلر بل 2024 آج لوک سبھا میں منظور کر لیا گیا۔ مرکزی وزیر تجارت اور صنعت پیوش گوئل نے بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس بل میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور 1923 کے اصل قانون کو بہتر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سوچ ہے کہ ہمیں غلامی کی ذہنیت سے باہر آنا چاہیے ۔ اس کے پیش نظر ہم نے بنیادی قانون پر غور کیا ہے ۔ اچھی چیزوں کو قانون میں رکھا گیا اور جہاں بہتری کی گنجائش تھی وہاں بہتری لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کا بھوپال گیس سانحہ جیسے واقعات سے کوئی تعلق نہیں ہے ، جب کہ اپوزیشن کے کچھ ارکان پارلیمنٹ نے اس پر بے بنیاد تبصرہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے اس بل میں ضروری اصلاحات کو طویل عرصے سے لٹکاکر رکھا۔ ان کے الزامات پر اپوزیشن پارٹی کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے ۔