نوجوانوں میں انرجی ڈرنک کا شوق خطرناک ثابت ہوسکتا ہے
حیدرآباد۔31۔اگسٹ(سیاست نیوز) بوتل بند مشروبات انسانی صحت کے لئے مضر ہیں یہ تحقیق نوجوانوں کو سمجھ آنے سے پہلے اب وہ مزید مضر مشروبات کی سمت رغبت اختیار کرنے لگے ہیں جو کہ انہیں امراض قلب میں مبتلاء کرنے کا سبب بن سکتا ہے ۔ ماہراطباء کے مطابق انرجی ڈرنکس نوجوانوں کے لئے مضر صحت ثابت ہونے لگے ہیں اور بیشتر نوجوان جو ان مشروبات کے عادی ہیں وہ امراض قلب میں مبتلاء ہورہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ انرجی ڈرنک کے نام پر جو مشروبات بازار میں دستیاب ہیں ان مشروبات کے استعمال سے عارضی طور پر جسمانی قوت تو محسوس ہوتی ہے لیکن یہ مشروبات جسم کو کھوکلا اور وقت سے قبل کمزور کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔ ڈاکٹرس کے مطابق حالیہ عرصہ میں نوجوانوں میں امراض قلب اور حرکت قلب بند ہونے کے واقعات کا مشاہدہ کرنے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ بیشتر نوجوان انرجی ڈرنک کے استعمال کے عادی تھے جنہیں یہ خطرناک عادت قلب کو کمزور کرنے کا سبب بن گئی۔ بتایاجاتا ہے کہ نوجوان نسل جو کہ ان مشروبات کی عادی بنتی جا رہی ہے وہ یومیہ دو تا تین انرجی ڈرنک کا استعمال کرنے لگی ہے جو کہ ان کے لئے انتہائی خطرناک ہے اور طویل مدت تک اس کا استعمال ان کے قلب اور دیگر اعضائے رئیسہ کے لئے نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ انرجی ڈرنک کا استعمال کرنے کے معاملہ میں نوجوان ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور بعض مقامات پر انرجی ڈرنک کو مختلف طریقوں سے استعمال کرنے کے عادی نوجوان اس میں کافی اور آئس کیوب ملا کر استعمال کر رہے ہیں جو کہ جسم میں کیفین میں اضافہ کے ساتھ تھکاوٹ کو عارضی طور پر دور کرنے میں تو کارگر ثابت ہوتا ہے لیکن انتہائی نقصاندہ ہونے کے باوجود ان انرجی ڈرنکس کا ذائقہ اور اس کی عادت نوجوانوں کو اس جانب راغب کررہی ہے ۔ انرجی ڈرنکس کے مضر اثرات کے سلسلہ میں ڈاکٹرس کا کہناہے کہ اگر نوجوان ان مشروبات کے عادی ہونے لگتے ہیں تو وہ خود اپنے جسم کو کمزور اور وقت سے پہلے بوڑھا کرنے کے علاوہ اپنے اعضائے رئیسہ کو نقصان پہنچانے کا سبب بن رہے ہیں۔ ڈاکٹرس نے واضح کیا کہ وہ کسی ایک انرجی ڈرنک کے متعلق یہ بات نہیں کہہ رہے ہیں بلکہ تمام انرجی ڈرنکس کے متعلق یہ واضح کیا جاتا ہے کہ عوارض قلب میں مبتلاء افراد کے علاوہ حاملہ خواتین کو انرجی ڈرنک کا استعمال نہیں کرنا چاہئے لیکن اس کے باوجود انرجی ڈرنک کے استعمال کے رجحان میں ہونے والے اضافہ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ نوجوان ان مشروبات کا استعمال تناؤ کو دور کرنے کے علاوہ زیادہ دیر تک چستی و پھرتی برقرار رکھنے کے لئے کر رہے ہیں لیکن یہ انتہائی خطرناک ہے۔ڈاکٹر س نے بتایا کہ انرجی ڈرنک میں کیفین ‘ نکوٹین اور الکوحل کے جزیات پائے جاتے ہیں اور انسانی دماغ جلد ہی ان اشیاء کے استعمال کا عادی ہوجاتا ہے اسی لئے ان مشروبات کے استعمال کے سلسلہ میںممکنہ حد تک احتیاط بہتر ہے۔