بودھن رکن بلدیہ کی حرکت سے انسانیت شرمسار

   

عصمت ریزی کے مرتکب دونوں بھائیوں کو شہر بدر کردیا جائے، جمعیۃ العلماء کا احتجاج

نظام آباد۔6 اگسٹ ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی آرایس پارٹی سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے رکن بلدیہ رادھا کرشنا بلدی حلقہ نمبر 3 نے انتہائی گھناونی حرکت کرتے ہوئے ایک نابالغ معذور مسلم لڑکی کی عصمت ریزی کی ۔ نابالغ معذور مسلم لڑکی کی عصمت ریزی کا واقعہ منظر عام پر آنے پر بودھن شہر میں برہمی کی لہر پھیل گئی اور جمعیت العلماء بودھن کے ذمہ داران نے حافظ محمد لئیق خان صدر ضلع جمعیت العلماء نظام آباد کو اطلاع دینے پر وہ فوری بودھن پہنچ گئے اور برہم نوجوانوں کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پر احتجاج منظم کرتے ہوئے خاطی رکن بلدیہ رادھا کرشنا کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ حافظ محمد لئیق خان نے اے سی پی بودھن سے پرُزور انداز میں نمائندگی کرتے ہوئے رکن بلدیہ رادھا کرشنا کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ خاطی کونسلر رادھا کرشنا کیخلاف پوکسو کیس درج کرتے ہوئے گرفتارکرلیا گیا ہے ۔ صدر ضلع جمعیت العلماء نظام آباد حافظ محمد لئیق خان نے بتایا کہ ایک سال قبل خاطی کونسلر رادھا کرشنا کے بھائی روی نے بھی نابالغ مسلم لڑکی کی عصمت ریزی کی تھی ۔ یہ دو بھائی غریب ، بے سہارا ، معذور مسلم لڑکیوں کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ انہوں نے ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو سے پرُزور مطالبہ کیا کہ خاطی رکن بلدیہ رادھا کرشنا کی بلدیہ سے رکنیت کو فی الفور منسوخ کیا جائے ۔اور ساتھ ہی ان دونوں بھائیوں کو شہر بدر کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ غریب مسلم لڑکیوں کی عصمت کو بچایا جاسکے اور مستقبل میں ایسے شرمناک اور گھناونے واقعات کا دوبارہ اعادہ نہ ہوسکے ۔حافظ محمد لئیق خان بودھن پہنچ کر خاطی رکن بلدیہ کیخلاف سخت کارروائی کو یقینی بنانے پر بودھن شہر کے برہم نوجوانوں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ حافظ محمد لئیق خان نے کہا کہ غریب بے سہارا ، معذور مسلم لڑکیوں کو نشانہ بنانے والے ان دو بھائیوں کیخلاف سخت کارروائی تک خاموش نہیں رہیں گے ۔ اس موقع پرمفتی شخ جابر اشاعتی ، مفتی عماد اللہ ، حافظ اکبر ، حافظ اسماعیل ، حافظ عمران کے علاوہ مقامی نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔