ٹرین کی آمد و رفت کے دوران ریلوے گیٹ بند ہونے سے مشکلات
بودھن ۔ 26 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر کے وسط سے گذرنے والی ریلوے لائن ان دنوں مقامی عوام کے لئے زحمت بن چکی، تفصیلات کے مطابق روزانہ دن کے اوقات بارہ تا ایک بجے کے درمیان تروپتی روانہ ہونے والی اکسپریس ٹرین بودھن کے ریلوے اسٹیشن پر ایک گھنٹہ توقف کے لئے نظام آباد سے بودھن پہنچتی ہے۔ یہاں ٹرین کی آمد اور روانگی کے دوران ریلوے گیٹ بند کردیا جاتا ہے۔ اس گیٹ کے کھل بند کے دوران بودھن کی اس مصروف سڑک پر ٹریفک نظام میں روزانہ مسلسل خلل پڑتا رہتا ہے، یہ سلسلہ تقریباً تین سال سے جاری ہے۔ اس ریلوے گیٹ پر بریج کی تعمیر کے لئے برسوں سے عوامی مطالبہ جاری ہے۔ موجودہ رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کے علم میں بھی اس ریلوے گیٹ کی وجہ سے مقامی عوام کو پیش آرہی دشواریوں سے واقف کروایا گیا۔ بودھن کی عوام کے لئے سب سے بڑا المیہ یہ ہیکہ تروپتی کے لئے بودھن سے ٹرین نکلتی ہے لیکن بودھن کے پاسنجرس کو یہاں بودھن ریلوے اسٹیشن سے بیٹھنے کی اجازت نہیں ہے۔ تروپتی جانے والے بودھن کے پاسنجرس کو نظام آباد سے اس ٹرین میں سوار ہونے کی اجازت ہے۔ بودھن کے پاسنجر انہیں یہاں سے تروپتی کے لئے روانہ ہونے والی ٹرین میں سفر کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
