بودھن ۔ 15 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چار روز قبل بودھن کے شہری علاقہ سے مبینہ طور پر اغوا کی گئی 10 ماہ کی معصوم لڑکی کو بودھن پولیس نے حیدرآباد کی ایک لاولد خاتون پروین بیگم کے پاس سے برآمد کرکے مغویہ لڑکی کو اس کی والدہ ایم لکشمی کے حوالے کردیا۔ یہاں بودھن پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس سے اے سی پی بودھن کرن کمار نے مخاطب کرتے ہوئے کہا گنگا منی نامی خاتون نے لکشمی کی لڑکی کو گورنمنٹ ہاسپٹل کے قریب سے منصوبہ بند طریقہ پر اغوا کرکے اپنی دوست انجلی کے حوالے کیا۔ انجلی نے اغوا شدہ لڑکی کو 30 ہزار روپیوں میں شمیم کو فروخت کردیا۔ شمیم نے اپنی لاولد حیدرآباد میں مقیم حاجی پروین کو لڑکی حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لکشمی نے ہفتہ کے روز اپنی 10 ماہ کی لڑکی کی کمشدگی کی پولیس میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے گورنمنٹ ہاسپٹل اور سیندھی کی بھٹی کے قریب واقع سی سی کیمروں میں لکشمی اور اس کے ساتھ گنگا منی نامی خاتون کو مشتبہ طور پر گھومتے ہوئے پایا۔ گنگامنی کا نام پہلے سے ہی پولیس اسٹیشن میں مجرمین کی فہرست میں درج رجسٹرڈ ہے۔ گنگامنی کی تفتیش کرنے پر 10 ماہ کی معصوم لڑکی کے اغوا کا پردہ فاش ہوا۔ اے سی پی کرن کمار نے مغویہ لڑکی کو اس کے ماں کے حوالے کردیا اور مبینہ طور پر لڑکی کے اغوا اور خرید و فروخت میں شامل چاروں خواتین کو حراست میں لے کر منصف مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔ مغویہ لڑکی کو برآمد کرنے والی ٹیم میں شامل سب انسپکٹر نوین اور ٹیم کی قیادت کرنے والے پولیس انسپکٹر بودھن پریم کمار کی ستائش کی۔