بودھن میںسرکاری رقم کے تغلب کی سازش

   

شکر نگر گراؤنڈ کی صفائی کیلئے 20 لاکھ روپئے کی منظوری کی کوشش پر کانگریس قائد فیاض الدین کا ردعمل

بودھن۔ بلدیہ بودھن کے ماہانہ اجلاس کیلئے تیار کئے گئے ایجنڈہ میں شکر نگر گراؤنڈ میں کی گئی صاف صفائی کے کاموں کی منظوری کیلئے 20 لاکھ روپئے رقمی منظوری کے امور کو شامل کئے جانے پر خواجہ فیاض الدین سابق رکن بلدیہ کانگریس پارٹی نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکیل عامر رکن اسمبلی بودھن اپنے نام کی تشہیر کیلئے تقریباً تین ماہ قبل شکر نگر گراؤنڈ میں منعقد کئے گئے کرکٹ میچ کے تمام اخراجات کا بوجھ بلدیہ بودھن پر لاد رہے ہیں جو کہ سرکاری رقم کا کھلم کھلا بیجا استعمال کے زمرہ میں آتا ہے۔ فیاض الدین نے کہا کہ اس طرح کے تغلب کو کانگریس پارٹی برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری رقم بلدیہ کے تحت واقع سرکاری گراؤنڈ یا سڑکوں و ڈرینج کی تعمیر پر خرچ کیا جانا چاہیئے جبکہ شکر نگر گراؤنڈ فی الحال NSF کور کمیٹی کی ملکیت ہے۔ خواجہ فیاض الدین نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس قائدین شکر نگر گراؤنڈ میں لاکھ دو لاکھ روپیوں کے صرفہ سے مورم اندازی کرکے بیس لاکھ روپئے اپنے جیبوں میں اتارنا چاہ رہے ہیں، فیاض الدین نے ضلع کلکٹر نظام آباد نارائن ریڈی سے فوری اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے سرکاری رقم کے تغلب کیلئے تیار کئے گئے منصوبہ میں شامل تمام افراد کو بلالحاظ عہدہ ان کے خلاف کیس درج رجسٹر کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر موجود یوتھ لیڈر ٹی نوین، خواجہ خلیل اللہ ، کرشنا راجو نے کہا کہ اگر ضلع انتظامیہ بلدیہ بودھن میں جاری مبینہ بدعنوانیوں کے خلاف کارروائی کرنے میں تاخیر کرے گی تو کانگریس پارٹی احتجاج منظم کرے گی۔