بودھن میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے مسابقتیٹریننگ سنٹر کا افتتاح

   

سنہری موقع سے استفادہ کرنے کی خواہش ، آر ڈی او راجیشور کا خطاب

بودھن ۔ ٹیچرس کی مخلوعہ نشستوں پر بھرتی کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن کی اجرائی عمل میں آنے کے بعد شکیل عامر ایم ایل اے بودھن نے حلقہ اسمبلی بودھن کے بے روزگار تعلیم یافتہ ٹیچرس کیلئے تلگو اردو و انگلش میڈیم کیلئے مسابقتی ٹریننگ سنٹر کا یہاں گورنمنٹ ڈگری کالج میں قیام عمل میں لایا ۔ اس ٹریننگ سنٹر کی افتتاحی تقریب میں شریک مہمان خصوصی آر ڈی او بودھن راجیشور نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمت کرنے میں دلچسپی رکھنے والے بے روزگار نوجوانوں کیلئے ایک سنہری موقع ہے ۔ آر ڈی او بودھن نے کالج ہذا گورنمنٹ ڈگری کالج بودھن کے قیام میں مسٹر کے ایم خان سابقہ رکنراجیہ سبھا اور سابقہ ریاستی وزیر بشیرالدین بابو خان کی کوششوں و موثر نمائندگی کے علاوہ کے ایم خان کی جانب سے 25 لاکھ روپئے رقم کی بروقت فراہمی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس بودھن راما راؤ نے اس تربیتی مرکز میں لڑکیوں کی کثیر تعداد کو دیکھ کر کہا کہ ریاستی حکومت ملازمتوں میں خواتین کو 30 فیصد تحفظات فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے لڑکیوں کو پولیس میں بھی بھرتی کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی خواہش کی ۔ قبل ازیں پرنسپل کالج ہذا رنگارتنمکنوینر پروگرام جے ستیش ، سید ربانی ، پرتم دیسائی اور سرکل انسپکٹر پولیس بودھن پریم کمار نے بھی مخاطب کیا ۔
اس افتتاحی تقریب میں صدر میناریٹی سیل ٹی آر ایس اببا این آر ای جنرل سکریٹری ٹی آر ایس عبدالرحمن کے علاوہ اساتذہ ایم اے وحید محمد سلیم الدین سید شاکر کے علاوہ طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔