بودھن۔ 11 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن میں آج 11 فبروری کو مجلس بلدیہ بودھن کے 38 بلدی حلقوں میں ہورہے -انتخابات کی رائے دہی کا صبح 8بجے آغاز عمل میں آیا صبح 9بجے سے قبل بلدی حلقہ نمبر 8میں بی آر یس پارٹی کی امیدوارہ نے ایک برقعہ پوش لڑکی کو پکڑ کر اس کا ادھار کارڈ طلب کیا اور لڑکی کو وہاں پر موجود پولیس کی مدد سے اس کی تلاشی لیکر لڑکی کے پاس سے پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کا آدھار کارڈ برآمد کیا جبکہ اس لڑکی کے ساتھ ووٹ ڈالنے آیا ہوا لڑکا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا اس واقعہ کے علاوہ آنسہ نگر، اچن پلی میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا اس واقعہ کی اطلاع سرکل انسپکٹر پولیس بودھن وینکٹ نارائنا کو ملنے پر وہ موقع واقعہ پر پولیس فورس کے ساتھ پہونچے اور ہلکی سی لاٹھی چارج کرتے ہوئے دونوں گروہوں کو وہاں سے بھگادیا دوپہر ایک بجے تک بودھن کے 38 بلدی حلقوں میں موجود 69417 کے منجملہ 35189 رائے دہندگان نے اپنے حق ووٹ کا استعمال کیا، مجموعی طور پر 50.69 فیصد رائے دہی درج ہوئی جبکہ 11 بجے تک صرف 14 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی تھی۔
آرمور میں بلدی انتخابات کی نگرانی
پولیس کمشنر سائی چیتنیا کا دورہ
آرمور۔ 11 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس کمشنریٹ نظام آباد کے حدود میں آج نظام آباد، آرمور، بودھن اور بھِنگل میں منعقدہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے معزز پولیس کمشنر نظام آباد پی سائی چیتنیا، آئی پی ایس نے دوپہر کے وقت آرمور کا دورہ کیا اور مختلف پولنگ بوتھس پر پہنچ کر پولنگ کے طریقہ کار کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا۔اس موقع پر پولیس کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حق رائے دہی کا بھرپور اور ذمہ دارانہ طور پر استعمال کریں۔ انہوں نے انتخابی عمل میں مصروف عملہ کو ہدایت دی کہ کسی بھی مقام پر غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے، رائے دہندگان اور عوام کیساتھ خوش اخلاقی اور شائستگی سے پیش آیا جائے اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کیلئے سخت اور مؤثر سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔پولیس کمشنر نے اس دوران آرمور منڈل پریشد دفتر اور سنتوش نگر میں واقع ودیا ہائی اسکول کے پولنگ مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر آرمور کے اے سی پی وینکٹیشور ریڈی، ایس ایچ او ستیہ نارائنا، اے آر او ، بھومیشور اور دیگر متعلقہ انتخابی عملہ موجود تھا۔
کاغذ نگر بلدی انتخابات میں دوپہر 3 بجے تک 56% رائے دہی
کاغذ نگر ۔11 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کاغذ نگر بلدیہ کے 30 وارڈ میں صبح 7 بجے سے دوپہر 3 بجے تک مقامی عہدیداروں کے مطابق جملہ 30 وارڈس میں 56% رائے دہی درج کی گئی۔ اسی طرح سے 3 تا 5 بجے کی رائے دہی کا تناسب 25% اضافہ ہونے کا امکان ہے اور رائے دہی کی سرکاری طور پر تفصیلی رپورٹ کا تقریباً 8 بجے الیکشن عہدیداروں کی جانب سے اعلان کیا جائے گا۔