پولیس کے ساتھ دھکم پیل، مجلس کے دو کونسلرس کو 14 دن کا ریمانڈ
بودھن۔/17 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر میں جاری ریاست تلنگانہ کی یوم تاسیس تقاریب کے دوران ایک اقلیتی تعلیمی ادارہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرکے واپس لوٹ رہے رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر کا بعض مقامی قائدین نے گھیراؤ کرکے اپنے مسائل پیش کرنے کی کوشش کی ۔ اس دوران 2 مجلس پارٹی کے نمائندہ کونسلرس نوید اور الطاف نے ایم ایل اے کی کار کے سامنے ٹھہر کر ان سے سوال کیا کہ مسلم بے روزگار نوجوانوں سے قرض کی فراہمی کیلئے درخواستیں وصول کرکے مجلس بلدیہ بودھن تقریباً چھ ماہ کا عرصہ ہوا لیکن تاحال کسی ایک کو بھی قرض کی اجرائی عمل میں نہیں آئی، اور ڈبل بیڈروم اور انفرادی تعمیر امکنہ کیلئے درخواستیں داخل کرکے برسوں گذر گئے لیکن تاحال اہل افراد کی فہرست کی اجرائی عمل میں نہ لائے جانے پرمجلس پارٹی کے سرگرم کارکنوں نے برہمی کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کے ساتھ دھکم پیل بھی ہوئی ، سرکل انسپکٹر پولیس بودھن پریم کمار نے ایم ایل اے کی کار کا گھیراؤ کرنے والے ایم آئی ایم کے کارکنوں کو جبراً بازو ہٹادیا اور ایم ایل اے کی شکایت پر پولیس نے نوید اور الطاف کو حراست میں لے کر منصف مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیاجہاں معزز مجسٹریٹ نے نوید اور الطاف کو 14 دنوں کیلئے ریمانڈ میں بھیج دیا۔