بودھن میں سرقہ کا معمہ اندرون 24 گھنٹے حل، سرکل انسپکٹر کی ستائش

   

بودھن۔/27 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزّشتہ شام رورل پولیس اسٹیشن بودھن میں منعقدہ پریس کانفرنس سے اے سی پی جئے پال ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دو دن قبل رنجل منڈل کے موضع ساٹا پور میں جانوروں کے بیوپاری امان اللہ خاں کے گھر میں ہوئی سرقہ کی واردات میں گھر کی الماری میں رکھی ہوئی رقم سات لاکھ اسی ہزار روپئے رورل پولیس نے اندرون چوبیس گھنٹے برآمد کرتے ہوئے سرقہ میں ملوث امان اللہ خاں کے نوکر بابو 15 سالہ اور اس کی ماں درگماں کو حراست میں لے کر عدالت میں پیش کیا۔ اے سی پی کے مطابق مالک مکان اپنے کسی رشتہ دار کے پاس تقریب میں شرکت کرنے ضلع نظام آباد کے موضع گنڈارام گئے ہوئے تھے دوسرے دن گھر پہنچنے پر گھر کا چھت اور الماری ٹوٹے ہوئے پائے گئے۔ الماری میں رکھی ہوئی رقم غائب ہوگئی اور الماری میں رقم کے تعلق سے نوکر کو علم تھا۔ پولیس نے نوکر کی تفتیش کرنے پر اس نے چوری کرنے کا اقرار کیا اور اس سرقہ میں برابر کی شریک اس کی ماں کے شامل ہونے کا انکشاف کیا۔ ماں بیٹے دونوں نے الماری سے سرقہ کی گئی رقم کو مالک کے گھر سے متصل جانوروں کے کوٹھے میں ایک جگہ کھود کر کوکر میں رکھ کر دفن کرنے کا اقرار کیا۔ پولیس نے سارقین کی بتلائی ہوئی جگہ کھود کر رقم برآمد کی ۔ اے سی پی نے اندرون 24 گھنٹے سرقہ کا سراغ لگانے پر سرکل انسپکٹر پولیس شاکر علی اور ایس آئی رنجل کی ستائش کی۔