بودھن میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف کل احتجاجی ریالی

   

بودھن۔/11 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بودھن تحریک علماء اہلسنت بودھن کمیٹی کے اجلاس کا مرکز رضا مصطفی میں انعقاد عمل میں آیا ۔ اجلاس میں شریک علماء و معزز شہریان بودھن نے شہریت ترمیمی بل کو ہندوستان کے دستور کے مغائر قرار دیتے ہوئے مذمت کی ۔ صدر تحریک سید خواجہ ناظم الدین قادری سلطان نے کہا کہ مسلم اقلیت کو پریشان و ہراسان کرنے اور دوسرے درجہ کا شہری بنانے برسراقتدار مرکزی حکومت گہری سازش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کی برقراری کیلئے 13 ڈسمبر کو بعد نماز جمعہ درگاہ حضرت سید شاہ جلال بخاریؒ سے ایک پرامن احتجاجی ریالی نکالی جائے گی جو آر ڈی آفس پہنچ کر شہریت ترمیمی بل واپس لینے کیلئے آر ڈی او کے توسط سے حکومت کو یادداشت پیش کی جائے گی۔ تحریک کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں مولانا محمد مشہودی ، مولانا سید عبدالباقی قادری نظامی، مولانا یسین سابق نائب صدر نشین بلدیہ حبیب خان، اعجاز احمد ایڈوکیٹ کے علاوہ دیگر معززافراد نے شرکت کی۔