بودھن : گذشتہ دو دنوں سے وقفہ وقفہ سے ہورہی بارش کے باعث شہر کے بیشتر نشیبی علاقہ زیر آب ہوگئے ۔ نئے آباد ہوئے کالونیوں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا جس کی وجہ سے ڈرینج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔ جدید بس اسٹانڈ بودھن سے متصل سرسوتی نگر جہاں شہر کے تقریباً 90فیصد کارپوریٹس ہاسپٹلس موجود ہیں ،یہ علاقہ بارش کے پانی سے محصور ہوگیا ۔ بعض ارکان بلدیہ اپنے بلدی حلقہ میں داخل ہوئے پانی کی نکاسی کیلئے از خودمزدوروں کا ہاتھ بٹاتے ہوئے پائے گئے ۔ شہریان بودھن بارش کے پانی سے تباہ شدہ ان کے علاقوں کے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر پوسٹ کررہے ہیں ۔ سابق صدر عام آدمی پارٹی بودھن نے بارش سے متاثر جامع مسجد رئیس پیٹ چوراستہ کی ویڈیو فلم بنائی جس میں انہوں نے مقامی ارکان بلدیہ اور صدرنشین بلدیہ کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا اور انہوں نے مذکورہ قائدین سے مدد کیلئے اپنا وقت ضائع کرنے کے بجائے امداد کیلئے خدا سے رجوع ہونے کی عوام الناس سے خواہش کی اور وہ خود بھی ہاتھ میں تسبیح تھامے بارش کے پانی سے گھری سڑک پر کرسی پر بیٹھ کر اللہ تعالیٰ سے مدد کیلئے دعا کرتے ہوئے پائے گئے ۔